ایئر پورٹس کی آؤٹ سورسنگ منظور نہیں، کل کو ایٹمی ہتھیاروں کا تقاضہ بھی آسکتا ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عدالتوں اور ایوانوں میں مفادات کی جنگ جاری ہے ، ممبران پارلیمنٹ اور ججز دست و گریبان ہیں۔ حکمران اشرافیہ نے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا  ہے اور وہ  مہنگائی کے ساتھ ساتھ بدامنی کا عذاب بھی بھگت رہے ہیں۔ حکمرانوں کو ادراک نہیں کہ موجودہ بحران ملک کو کس سمت لے جا سکتا ہے، دشمن چاہتے ہیں کہ پاکستان لیبیا، شام اور عراق کی طرح تباہ ہو جائے۔ ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ منظور نہیں، قومی اداروں کو اونے پونے بیچنے کی روش ترک کی جائے، آئی ایم ایف کے حکم پر آج اداروں کو بیچا جا رہا ہے تو کل ایٹمی ہتھیاروں کا تقاضہ آ جائے گا۔

منصورہ کی جامعہ مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں کے دلوں میں اللہ کا خوف نہیں، مشکل آئے تو یہ بیرون ملک بھاگ جاتے ہیں، 75سالوں سے مسلط ٹولہ تمام مسائل کی جڑ ہے، ان کی وجہ سے ہی پاکستان دولخت ہوا، انھوں نے عوام کے ہاتھوں میں آئی ایم ایف کی غلامی کی ہتھکڑیاں ڈالیں، غربت، جہالت، بے روزگاری کی وجہ نام نہاد جمہوری حکومتیں اور فوجی ڈکٹیٹر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو ماں کی گود کی مانند سمجھتی ہے، ہم بہتری کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں