وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاشا آیا چلا گیا ، ظہیر اور فیض آئے چلے گئے مگر عمران بدستور موجود ہے، وزیراعظم صاحب آئین توڑا گیا، کیس فائل کریں۔دو وزرائے اعظم کیخلاف ایک ادارہ سازش میں ملوث رہا۔ اب فیصلہ کیا ہے قانون سازی سے جواب دیں گے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ جمہوری عدم اعتماد کے جواب میں صدر اور سپیکر نے آئین توڑا، اگر آئین توڑا گیا تو کیس فائل کریں۔ جنرل حمید گل اس سلیکٹڈ کو سیاست میں لایا، جنرل فیض نے پروان چڑھایا۔ نااہل اور نالائق وزیراعظم نے ملک کو دہشت گردی اور معاشی بحران میں ڈبویا، عمران خان نے دہشت گردوں کو جیلوں سے رہا کیا اور خیبرپختونخوا میں بسایا۔ آمروں کے بیٹے آج تحریک انصاف میں شامل ہیں، کسی آمر کے بیٹے کا سیاسی مستقبل ہو ہی نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ افتخار چوہدری نے ملک میں عدالتی آمریت قائم کی، اس کا مقصد جمہوریت کو نقصان پہنچانا اور ہائبرڈ نظام لانا تھا۔ اس کے بعد ایک اور چیف جسٹس آئے، چیف جسٹس کےپاس کہاں اختیار ہے کہ وہ بیرون ملک جائے اور ڈیم کیلئے پیسے اکٹھے کرے۔ چیف جسٹس کی قیادت میں ثاقب نثار نے آئین توڑا۔ یہ فرعون کی طرح بیٹھ کر مرضی کی آئین کی تشریح کرتے ہیں۔ کچھ آئن سٹائن ایسے فیصلے کرتے ہیں جو گلے پڑ جاتے ہیں۔ایسا نہیں ہو سکتا آئین توڑا جائے اور ہم خاموش رہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کی، ہم نے آمروں کا مقابلہ کرکے جمہوریت کو مضبوط کیا، سوچنا ہو گا ملک میں پیدا ہونے والے بحران کا ذمہ دار کون ہے۔ جمہوریت کی خاطر خاموش ہونا ضروری نہیں۔ دو وزرائے اعظم کیخلاف ایک ادارہ سازش میں ملوث رہا۔ اب فیصلہ کیا ہے قانون سازی سے جواب دیں گے۔