برطانیہ میں ایک لڑکی نے اپنی تعلیم کے لیے مختص کی گئی رقم بھائی کی پرتعیش شادی پر خرچ کرنے پر ماں باپ کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اس طالبہ کی طرف سے بحث و مباحثے کے پلیٹ فارم Redditپر یہ واقعہ سنایا گیا ہے۔ وہ بتاتی ہے کہ یہ رقم اس کی یونیورسٹی کی فیس کے لیے رکھی ہوئی تھی جسے اس کے ماں باپ نے اس کے بھائی کی شادی کی تقریب پر اڑا دیا۔
لڑکی بتاتی ہے کہ یہ رقم اس کے ماں باپ کی نہیں تھی بلکہ لڑکی کی ایک آنٹی نے دی تھی۔ اس آنٹی نے ایک امریکی شخص کے ساتھ شادی کر لی تھی اور اس کے ساتھ امریکہ منتقل ہو گئی تھی۔ جاتے ہوئے وہ رشتہ داروں میں کافی رقم تقسیم کرکے گئی تھی۔ اس میں سے اس نے اس طالبہ کی یونیورسٹی کی فیس کے لیے بھی رقم دی جو طالبہ کے والدین کے اپنے بیٹے کی شادی پر خرچ کر دی
طالبہ لکھتی ہے کہ اپنے والدین کی اس حرکت پر دلبرداشتہ ہو کر میں نے سٹوڈنٹ لون لے کر اپنی تعلیم مکمل کرنے کے لیے گھر چھوڑ دیا جس پر میرے گھر کے تمام لوگ مجھ سے نفرت کرنے لگے۔ ایک تو وہ میری تعلیم کے لیے رکھی ہوئی رقم کھا گئے اور الٹا مجھے ہی برا سمجھنے لگے، جس پر میں نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ اس کے بعد میرے بھائی نے مجھ سے رابطہ کیا اور پیشکش کی کہ اگر میں مقدمہ واپس لے لوں تو وہ میری یونیورسٹی کی تعلیم کا خرچ اٹھائے گا۔ میں نے اس کی یہ پیشکش قبول کر لی اور مقدمہ واپس لے لیا۔ تاہم میں نے اسے متنبہ کیا ہے کہ اگر وہ وعدے سے مکرے گا تو میں دوبارہ عدالت چلی جاﺅں گی۔