بولنے والے طوطے نے خاتون کے قاتل کو پکڑوادیا

تقریباً ایک دہائی قبل قتل کرنے والے  مجرم کو طوطے سے ثبوت ملنے کے بعد عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ صحافی اور ایڈیٹر وجے شرما کی اہلیہ نیلم شرما 20 فروری 2014 کو اپنے گھر میں مردہ پائی گئی تھیں۔  مقتولہ کے پالتو جانور کی بدولت اس کا بھتیجا آشو پکڑا گیا، پالتو طوطے نے شرما کے بھتیجے کا نام پکار کر شکوک و شبہات کو جنم دیا تھا۔ اس کے بعد آشو نے نیلم کے قتل کا اعتراف کیا تھا اور دوست رونی میسی سے وحشیانہ قتل میں مدد حاصل کرنے کا اعتراف کیا تھا، دونوں کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔خصوصی جج محمد راشد نے دونوں کو عمر قید کی سزا سنائی اور دونوں کو آشو کے اعتراف جرم اور ایک دوست کے ملوث ہونے کی بنیاد پر  72 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

 صحافی وجے شرما اپنے بیٹے راجیش اور بیٹی نویدیتا کے ساتھ ولیمے کیلئے فیروز آباد گئے تھے جب کہ نیلم گھر پر ہی تھی۔  اس رات کے بعد گھر واپس آنے پر نیلم اور خاندانی کتے کی لاش ملی، دونوں کو تیز دھار چیز سے قتل کیا گیا تھا جس کے کچھ دیر بعد پولیس کی تحقیقات شروع ہوگئیں جن کو منطقی انجام تک گھر کے طوطے نے پہنچایا۔ قتل کے وقت طوطا سب کچھ دیکھ رہا تھا اور اس نے بار بار قاتل آشو کا نام پکارنا شروع کردیا۔

انڈیا ٹوڈےکے مطابق نیلم کی بیٹی نویدیتا شرما نے بتایا کہ  آشو کچھ سالوں سے انہی کے گھر میں مقیم تھا۔ طوطے کی طرف سے  آشو کے نام کی تکرار کے معاملے کا  عدالت میں نو سالہ مقدمے میں بار بار ذکر کیا گیا لیکن کبھی اس کو بطور  ثبوت پیش  نہیں کیا گیا۔ واقعہ کے چھ ماہ بعد طوطے  کی موت ہوگئی جبکہ وجے کی موت 14 نومبر 2020 کو ہوئی۔ مقتولہ کی بیٹی کا کہنا ہے کہ اس کے والدین چاہتے تھے کہ آشو کو سزائے موت دی جائے، وہ کیس کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں