افغانستان کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کا سکواڈ آج سہ پہر شارجہ کیلئے روانہ ہو گا تاہم بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے ٹیم کے ساتھ جانے سے معذرت کر لی ہے ۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز نے ذرائع سے دعویٰ کیاہے کہ بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے نجی وجوہات کی بنیاد پر ٹیم کے ساتھ جانے سے معذرت کی ہے ، شارجہ میں سیریز کے میچز 24، 25 اور 27 مارچ کو شیڈول ہیں۔
پاکستانی ٹیم کی کپتانی نائب کپتان شاداب کے سپر دکی گئی ہے ، جبکہ سکواڈ میں عبداللہ شفیق، اعظم خان، مہیم اشرف، افتخار احمد، احسان اللہ، عماد وسیم ، محمد حارث ،محمد نواز، وسیم جونیئر ، نسیم شاہ، سیم ایوب، شان مسعود، طیب طاہر ، زمان خان، ابرار احمد، حسیب اللہ اور اسامہ میر شامل ہیں ۔
سلیکٹرز نے بابر اعظم کے ساتھ ساتھ فخر زمان، حارث رو¿ف، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو ورک لوڈ اور مستقبل کی سیریز کو مدنظر رکھتے ہوئے آرام دیا، جبکہ آصف علی، حیدر علی، محمد حسنین اور خوشدل شاہ کو اس سیریز سے ڈراپ کیا ہے۔اعلان کردہ 15 کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ میں احسان اللہ، صائم ایوب، طیب طاہر اور زمان خان کو شامل کیا گیا جنہوں نے پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں ایسی پرفارمنس دکھائی ہے کہ سلیکٹرز انہیں شامل کیے بغیر رہ نہ سکے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 24 سے 27 مارچ تک شارجہ میں کھیلی جائے گی، اس سیریز میں پاکستان ٹیم کی قیادت شاداب خان جب کہ افغانستان ٹیم کی قیادت راشد خان کریں گے۔