شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ میں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو کال کر کے افغانستان کی سیریز میں آرام مانگا تھا۔شاہین آفریدی نے بابر اعظم اور محمد رضوان کا نام لینے سے گریز کیا لیکن کہا کہ ہم تینوں نے پی سی بی سے آرام مانگا تھا اور ہم نے بورڈ سے بھی بات کی ہے۔اس سے قبل نجم سیٹھی نے اپنی پریس کا نفرنس میں بتا یا تھا کہ افغانستان میں سینئر کھلاڑیوں کو ریسٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا اور اس فیصلے سے متعلق تمام کھلاڑیوں کو آگاہ کردیا گیا ہے ۔
شاہین آفریدی کے اس بیان کے بعد ان قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ پی سی بی نے سینئر کھلاڑیوں کو زبر دستی ریسٹ کرایا ہے ،دوسری طرف شاہین آفریدی اورنجم سیٹھی کے بیان میں تضاد سامنے آگیا ہے۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ ہمارا فوکس ایشیا کپ اور ورلڈکپ پر ہے، ون ڈے کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اور نیوزی لینڈ کی سیریز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں فاسٹ بولروں کی بڑی تاریخ رہی ہے، اس پاکستان سپر لیگ کی کارکردگی سے زمان خان اور احسان اللہ کو پاکستان ٹیم میں موقع ملا، امید ہے کہ ان نوجوان فاسٹ بولروں نے جس طرح پی ایس ایل میں کارکردگی دکھائی اسی طرح وہ افغانستان کی سیریز میں پاکستان کے لیے کارکردگی دکھائیں گے اور پاکستانی فاسٹ بولنگ کا کور مضبوط ہوگا۔شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ میری ٹیم ڈیمانڈ کرتی ہے کہ میچز میں جلد وکٹ لے کردوں، میں چاہے لیگ کھیلوں یا ملک کیلئے، میں جلد وکٹ لینے کی کوشش کرتا ہوں تاکہ دوسری ٹیم کو دباؤ میں لا سکوں۔