لاہور میں ایک سال کے وقفے کے بعد پیر سے دوبارہ ’ای چالان سسٹم‘ کا آغاز کر دیا گیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ای چالان سسٹم دوبارہ شروع ہونے کے بعد سیف سٹی اتھارٹی اور لاہور ٹریفک پولیس مشترکہ طور پر کارروائیاں کر رہی ہے۔
ای چالان ادا نہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی اس سسٹم کی بحالی کے بعد کریک ڈاﺅن شروع کر دیا گیا ہے۔ ایسی گاڑیوں سے ریکوری کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے اپنی ای چالان نادہندہ ٹیموں کو متحرک کر دیا ہے۔اس سسٹم کے دوبارہ چالو ہونے کے بعد ایک بار پھر ٹریفک سگنل ، لین کے غلط استعمال اور سٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر ای چالان ہو گا۔
اسی طرح مقررہ حد سے تیزرفتار گاڑی چلانے پر بھی چالان گھر بھجوایا جائے گا۔ ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کی بھی نگرانی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی بھی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔واضح رہے کہ لاہور میں نصب 30فیصد سے زائد سیف سٹی کیمرے خراب ہونے کی وجہ سے ای چالان سسٹم عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔
Load/Hide Comments