سابق وزیر اعظم عمران خان سے متعلق شاہد آفریدی سے منسوب بیان پر وضاحت سامنے آنے کے بعد ان کے داماد شاہین آفریدی بھی میدان میں آگئے۔
تفصیل کے مطابق گزشتہ روز سے شاہد آفریدی کے نام سے منسوب ایک بیان وائرل ہو رہا ہے جس کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتاری دے دینی چاہیے تاکہ ملک کے مسائل میں کمی آ سکے۔اس حوالے سے شاہد آفریدی نے وضاحتی ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں نے عمران خان سے متعلق ایسا بیان نہیں دیااور ایسا بیان مجھ سے منسوب کرنا افسوسناک ہے ، مجھ میں اتنی ہمت ہے کہ جو مجھے کہنا ہے وہ سب کے سامنے کہتا ہوں۔
شاہد آفریدی کے اس بیان پر جواب دیتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہاکہ میری تمام لوگوں سے درخواست ہے کہ صرف پاکستان کے بارے میں سوچیں،ہمیں ایسی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہونا چاہیے جو ہمیں تقسیم کرے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو اپنی اپنی فیلڈز میں پازیٹو رہ کر پاکستان کا حق ادا کرنا ہو گا۔ پاکستان نور ہے اور اللہ پاک اس نور کی ہمیشہ حفاظت فرمائے گا۔