زمان پارک میں گلگت بلتستان پولیس کی موجودگی کے حوالے سے گلگت بلتستان کے وزراء نے اہم انکشاف کر ڈالا ہے ۔ گلگت بلتستان کے وزیر اطلاعات فتح اللہ خان کہتے ہیں کہ زمان پارک میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور 3 وزراء کے ساتھ ان کی اپنی سیکیورٹی ہے۔ زمان پارک میں جو حالات چل رہے ہیں اندازہ ہو رہا ہے کہ مقصد کی تکمیل کے نزدیک ہے، عمران خان جتنا اداروں کا احترام کرتے ہیں تاریخ میں شاید کسی نے کیا ہو، رانا ثناء للہ کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ہیں لیکن کونسی فورس گئی ہے، یہ لوگ خود سپریم کورٹ کے احکامات ماننے سے انکار کر رہے ہیں۔
پریس کانفرنس میں وزیر اطلاعات فتح اللہ خان نے کہا کہ یہ لوگ انارکی جیسے حالات پیدا کر کے الیکشن سے بھاگنا چاہتے ہیں، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، صدر پی ٹی آئی گلگت بلتستان زمان پارک میں موجود ہیں، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور 3 وزراء کے ساتھ ان کی اپنی سیکیورٹی ہے، یہ بات غلط ہے کہ خان صاحب کی سیکیورٹی کیلئے گلگت بلتستان کی پولیس کھڑی ہے، خواتین سے متعلق نازیبا الفاظ پر سابق وزیر اعلیٰ جی بی کو شرم آنی چاہیے۔
وزیر خزانہ گلگت بلتستان جاوید علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے ساتھ ظلم اس لیے کیا جا رہا ہے کہ وہاں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، گلگت میں لوگوں کو کھانے کیلئے آٹا نہیں مل رہا، امپورٹیڈ حکومت کے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں، اس بات کا تاثر دیا گیا کہ گلگت بلتستان کی پولیس نے پنجاب پولیس پر بندوقیں تان لیں، ترقیاتی بجٹ میں ہمیں اصولی طور پر 60 فیصد فنڈز ریلیز ہونے چاہیے تھے۔