نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر کا کہنا ہے کہ ظل شاہ کیس میں عمران خان اور یاسمین راشد کے خلاف شواہد مٹانے اور مسخ کرنے کے جرم میں مقدمہ درج ہو چکا ہے، ایک آدھ دن میں پولیس گرفتاری کرے گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عامر میر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف والے ظل شاہ کیس پر کہانی بنانے اور جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں، آپ ظل شاہ کی لاش کو اسپتال چھوڑ کر بھاگ کیوں گئے؟ تین دن سے پتہ تھا تو چھپ کیوں رہے تھے؟ یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ خان صاحب اس معاملے میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں، عمران خان شرمندہ ہونے کے بجائے مزید ریلیوں کی کال اور جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کر رہے ہیں،جوڈیشل کمیشن تو ایسے معاملے میں بنتا ہے جہاں کوئی ابہام اور تنازعہ ہو۔