وہ شخص جو سمندر میں کھوگیا اور 24 دن تک کیچپ کھا کر زندہ رہا، اس کیلئے کیچپ بنانے والی کمپنی ہینز نے نئی کشتی خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہینز کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک مہم چلائی گئی تھی جس میں اس شخص کو ڈھونڈنے کی اپیل کی گئی تھی، کئی روز کی مہم کے بعد اس شخص کا پتا لگا لیا گیا ہے اور ہینز نے فیصلہ کیا ہے کہ اس کو نئی کشتی دی جائے گی، اس شخص کے ساتھ کشتی پہنچانے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
گارڈین کے مطابق بحرالکاہل کے ملک ڈومینیکا سے تعلق رکھنے والا 47 سالہ ملاح ایلوس فرینکوئس دسمبر میں اپنی کشتی کی مرمت کے دوران طاقتورلہروں کی زد میں آکر سمندر میں بہہ گیا تھا۔ وہ ہینز کیچپ، لہسن نمک، میگی سوپ کیوبز، اور بارش کے پانی کو ایک کپڑے کی مدد سے جمع کرکے گزارا کرتا رہا۔ ایلوس کے مطابق ‘میرے پاس کوئی کھانا نہیں تھا۔ کشتی میں کیچپ کی صرف ایک بوتل تھی، لہسن کا پاؤڈر اور (بوئلن کیوبز) میگی، اس لیے میں نے اسے کچھ پانی میں ملایا تاکہ میں سمندر میں 24 دن زندہ رہ سکوں، 24 دن، کوئی زمین نہیں، کوئی بات کرنے والا نہیں ، پتہ نہیں کیا کرنا ہے۔ نہیں معلوم کہ آپ کہاں ہیں، یہ مشکل تھا، ایک خاص وقت میں میری امید ختم ہوگئی اور میں اپنے خاندان کے بارے میں سوچنے لگا۔’