گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گورنر ہاؤس لاہور میں بطور چانسلر توانائی کے شعبے پر بنائے گئے کنسورشیم کی صدارت کی۔ا جلاس میں چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر اور مختلف جامعات کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔کنسورشیم کا مقصد توانائی کے مسائل کے حل کے لیے جامعات میں ریسرچ اور افرادی قوت کے ذریعے حکومت اور متعلقہ اداروں کو سفارشات پیش کرنا ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ توانائی بحران کے حل کے لیے چھوٹے پاورپلانٹس لگانے کے لیے اچھے پراجیکٹس پر کام کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ توانائی کے متبادل ذرائع شمسی توانائی، ونڈ پاور اور کوڑا کرکٹ سے بجلی کے حوالے سے جامعات ریسرچ کے ذریعے متعلقہ اداروں کی پالیسی سازی میں مدد کریں۔
گورنر پنجاب نے وائس چانسلرز کو طلبا ءکے ذریعے توانائی بچت کے حوالے سے عوامی آگہی کی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ جامعات کے اساتذہ اور طلبا قومی پالیسیوں میں اپنا بھرپور طریقے سے کردار ادا کریں۔گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ پوری دنیا میں اکیڈیمیہ اور انڈسٹری کے درمیان روابط ایک کامیاب ماڈل ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ کنسورشیم اکیڈیمیہ اور انڈسٹری کے درمیان رابطے میں ایک اہم کردار ادا کرے گا۔