تیز ترین انٹر نیٹ کی جانب اہم قدم ، سٹار لنک سیٹلائٹ براڈ بینڈ پاکستان میں باضابطہ طور پر رجسٹرڈ ہو گئی

پاکستان کے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت میں، اسپیس ایکس میں گلوبل لائسنسنگ اور مارکیٹ ایکٹیویشن کے ڈائریکٹر، ریان گڈ نائٹ نے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن، سید امین الحق سے ملاقات کی، تاکہ پاکستان میں SpaceX کے Starlink کی رجسٹریشن پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔وزیر کے مطابق، سٹار لنک نے خود کو سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) میں رجسٹر کر لیا ہے۔

اس ملاقات میں غور کیا گیا کہ سٹار لنک کی تیز ترین اور سستی ترین سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کس طرح پاکستان کے کونے کونے میں سستی براڈ بینڈ سروسز کی راہ ہموار کر سکتی ہیں۔وزیرآئی ٹی  نے اس امید کا اظہار کیا کہ سٹار لنک کی خدمات ٹیلی کام آپریٹرز کے آپریشنل اخراجات کو نمایاں طور پر کم کر سکتی ہیں، یہاں تک کہ دور دراز علاقوں میں بھی جہاں غیر فعال موبائل ٹاورز کو کم قیمت پر چالو کیا جا سکتا ہے۔

امین الحق نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد پاکستان کے کونے کونے میں سستی ٹیرف پر براڈ بینڈ سروسز فراہم کرنا ہے،اس سلسلے میں سٹار لنک ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ریان گڈ نائٹ نے مکمل تعاون پر وزیر کا شکریہ ادا کیا اور آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں پاکستان کی ترقی کو سراہا۔ ریان نے مزید کہابنیادی اقدامات مکمل ہو گئے ہیں، اور اب ہم تیزی سے آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں