مردہ اور لاغر جانوروں کا گوشت فروخت کرنیوالوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن،کتنا گوشت تلف کیا گیا ؟

صوبائی دارالحکومت لاہور میں مردہ اور لاغر جانوروں کا گوشت فروخت کرنیوالوں کیخلاف  پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، میٹ سیفٹی ٹیم نے جمیل ٹاؤن میں بیف شاپ پر چھاپہ مارتے ہوئے800 کلو غیر معیاری گوشت تلف کر دیا۔ تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے جمیل ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے سوکڑے اور خون کی کمی کے شکار بیمار جانوروں کا گوشت تیار کر کے فروخت کر نے پر کارروائی کرتے ہوئے 800کلو مضر صحت گوشت برآمد کر لیا۔کارروائی کے دوران فریزرز سے باسی بدبودار اور زائد المیعاد گوشت بھی برآمد کیا گیا۔مدثر ریاض ملک کا کہنا تھا کہ غیر معیاری گوشت گندے فرش پر رکھا ہوا تھا۔  لاغر، بیمار اور مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنیوالوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ غیر معیاری خوراک کی عوام کو ترسیل کرنے والی صحت دشمن مافیا کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی دن رات سرگرم ہے۔  صوبہ بھر میں معیاری اور صحت بخش اشیاء خورونوش کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ خوراک سے وابستہ ہر کاروبار کو فوڈ اتھارٹی قوانین پر عمل کرنا لازم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں