چیف سیکرٹری پنجاب نے سموگ کی روک تھام کیلئے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کر دی ، انہوں نے یہ ہدایت سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدرت کرتے ہوئے کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ماحولیات، صنعت،زراعت، بلدیات کے محکموں کے سیکرٹریز، ڈپٹی کمشنرز لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، گوجرانوالہ، حافظ آباد، نارووال اور فیصل آباد کے ڈپٹی کمشنرز بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ کارروائی میں انتظامیہ کی معاونت کیلئے آئی جی پنجاب نے تمام پولیس افسران کو ہدایات جاری کر دی ہیں اوربہتر کوآرڈینیشن فوکل پرسن مقر ر کر دیا ہے۔ کوڑا کرکٹ جلانے اورماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والی صنعتوں اور گاڑیوں کیخلاف کارروائی جار ی رکھی جائے۔چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ سٹیل ملوں اور فیکٹریوں میں غیر معیاری ایندھن کے استعمال پر پابندی پر سختی سے عملدر آمد کرایا جائے۔ تمام متعلقہ محکمے سموگ کی روک تھام کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں۔
انہوں نے فصلوں کی باقیات جلانے کے تدارک کیلئے فارم میکانائزیشن کو فروغ دینے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔
سیکرٹری ماحولیات نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سٹڈی کے مطابق ماحولیاتی آلودگی کے عوامل میں 43فیصد کا تعلق ٹرانسپورٹ، 25فیصد کا انڈسٹری،12فیصد کا پاور اور 20فیصد کا زراعت کے شعبے سے ہے۔ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کیلئے خصوصی سموگ اسکواڈز تشکیل دیئے گئے ہیں جبکہ گاڑیوں کی فٹنس چیک کرنے کیلئے وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفیکیشن سسٹم (VICS)متعارف کرایا گیا ہے۔