وزیراعظم شہبازشریف نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے وفاق اور صوبوں کی ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فری ہینڈ دے دیا۔وزیراعظم نے مرغی کی قیمتوں میں اضافے پر برہمی کا اظہار کیا اوررمضان المبارک میں یوٹیلیٹی سٹورز پر سستی اشیاء خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت رمضان المبارک کے دوران اشیائے خور و نوش کی دستیابی اور ان کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک میں گندم سمیت اشیاء خورونوش کی کوئی کمی نہیں۔ شہبازشریف نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ وفاق اور صوبوں میں ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فری ہینڈ دے دیا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزی اور زائد نرخ لینے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ رمضان المبارک سے قبل گوداموں، دکانوں اور منڈیوں میں آپریشن کریں۔سیلاب، معاشی مشکلات میں پھنسے عوام سے رمضان میں جوزائد قیمت لے، اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں۔وزیراعظم نے وفاقی حکومت کووزراء اعلی کے ساتھ مل کر رمضان میں اشیاءکی فراوانی اور قیمتوں پرکنٹرول کا ٹاسک دے دیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عبادتوں کے مہینے میں جو روزے داروں کو تنگ کرے، اسے قانون کی طاقت سے سبق سکھائیں۔ اشیاءکی طلب، رسد اور قیمتوں میں گڑ بڑ ہوئی تو متعلقہ علاقوں کے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خوراک کی کمی نہیں تو پھر مرغی کی قیمت میں اضافہ کیوں؟ جو عوام کو تنگ کرے ، قانون اسے گرفت میں لے،کوئی نرمی نہ برتی جائے ۔عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھانے والے منافع خوروں کو پکڑیں اور قانون کا سبق پڑھائیں۔
وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز پرمعیاری اشیاءکی فراہمی یقینی ہونی چاہیے ۔ماہ مقدس میں موبائل یوٹیلیٹی سٹورز قائم کریں، سحر اور افطار میں روزہ داروں کی دعائیں لیں ۔وزیراعظم نے وفاق اور صوبوں میں سستے رمضان باز ار لگانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازار میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے۔