مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ الیکشن سے پہلے ترازو کے دونوں پلڑے برابر کیے جائیں ، پہلے بے گناہ نواز شریف سے ہوئی زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے، پہلے سسیلین مافیا اور گاڈ فادر کے الزامات واپس لینا پڑیں گے پھر الیکشن ہوگا۔
ساہیوال میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا نواز شریف کو گاڈ فادر کہا گیا، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر چلتا کیا گیا، ہے کوئی جو میرے ملک میں انصاف کرے۔انہوں نے کہا کہ پہلے گھڑی چور انصاف کے کٹہرے میں کھڑا ہو گا پھر الیکشن ہو گا، اولاد چھپانے جیسا جھوٹ پاکستان کے کسی وزیراعظم نے قوم سے نہیں بولا، نواز شریف کی بیٹی تو آپ کے سامنے کھڑی ہے، عمران خان کی بیٹی کدھر ہے؟مریم نواز نے پھر الزام لگایا کہ عمران خان کو آج بھی جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کی باقیات بچا رہی ہیں، بابا رحمت آج بھی عدلیہ میں اپنے لگائے ہوئے ججز سے کام لے رہا ہے، الیکشن مانگتے ہو تو اسمبلیاں توڑتے کیوں ہو؟