سابق کرکٹر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد لو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سے ہٹانے کا مشورہ دیا تھا۔
نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ 8 شروع ہونے سے پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے مجھ سے مشورہ لیا تھا۔ انہیں یہی کہا کہ سرفراز کو بطور کھلاڑی کھلائیں تاکہ وہ اچھا پرفارم کرسکے۔ ان پر ٹیم کے بجائے اپنی پرفارمنس کا پریشر ہو اور وہ اپنا گیم انجوائے کرسکیں۔شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل 8 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مسلسل شکست کی وجہ ٹیم مینجمنٹ کی حکمت عملی ہے۔ ہر ٹیم میں بینچ پر ایسا کھلاڑی موجود ہونا چاہیے جو کسی کھلاڑی کے باہر ہونے پر اس کی جگہ لے سکے لیکن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں یہ حکمت عملی کہیں نظر نہیں آتی۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کی ٹیم میں بہت زیادہ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ بطور کپتان سرفراز کی پرفارمنس اہم ہے۔ کراچی کنگز کی ٹیم پرفارم نہیں کررہی لیکن کپتان عماد وسیم کی پرفارمنس نظر آرہی ہے۔ وہ ٹیم کو لیڈ کررہا ہے کیوں کہ ٹیم کیلئے کپتان کی پرفارمنس سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔