ایران میں عمارت گرنے سے مرنے والوں کی تعداد چار ہوگئی

ایران کے دارالحکومت تہران میں متعدد عمارتیں گرنے سے دو پولیس افسران سمیت چار ایرانی باشندے ہلاک اور کم ازکم گیارہ دیگر افراد زخمی ہو ئے ہیں۔تہران شہر کے جنوب مغرب میں قائم شدہ غیر قانونی عمارتوں کو گزشتہ روز اتوار کو پولیس اہلکار مسمار کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متعلقہ حکام نے ایک غیر مجوزہ عمارت کو گرانا شروع کیا تو اس سے ملحق پانچ دیگر عمارتیں بھی نیچے آگریں۔تہران پولیس کے ایک بیان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ گرنے والی عمارتیں تعمیرات سے متعلق مکمل حفاظتی اقدامات کی پاسداری نہیں کر رہی تھیں۔ تہران شہر کی بلدیہ کی جانب سے شائع ہونے والے اخبار ہمشہری نے ایک اہلکار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ حکام نے گزشتہ دو برس میں شہر بھر میں 46ہزار سے زائد غیر منظور شدہ عمارتوں کو مسمار کیا ہے۔اس سے قبل گزشتہ سال مئی میں ایران کے جنوب مغربی علاقے میں ایسی ہی ایک عمارت گرنے سے 43 افراد ہلاک ہو گئے تھے جسے ایران کا بدترین حادثہ قرار دیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں