پاکستان مسلم لیگ (ن )کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں نوجوانوں کا ووٹ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ اور اس کی سمت کا تعین کرے گا۔مریم نواز نے ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا میں یوتھ ڈویژنل کمیٹیاں مقرر کرنے کیلئے آرگنائزنگ کمیٹی کے ہمراہ نوجوانوں کے نمائندوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں خیبر پختونخوا کی سات ڈویژنز میں آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دینے کی تجویز دی گئی۔ کمیٹیوں کے ناموں پر مشاورت کے بعد ان کے قیام کو حتمی شکل دی گئی جس کا جلد ہی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔مریم نوازشریف نے آرگنائزنگ کمیٹی کو جلد از جلد دیہات کی سطح پر کوآرڈینیٹرز مقرر کرنے کی ہدایت بھی کی۔اس موققع پر رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ اور ملکی آبادی کا غالب حصہ ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف نوجوانوں کو مستقبل کی قیادت بنانا چاہتے ہیں اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں آگے لانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسی وژن کی روشنی میں تنظیم سازی کا ملک گیر عمل شروع کیا گیا جس میں نوجوانوں اور خواتین کو آگے لایاجارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں نوجوانوں کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے، ان کا ووٹ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ اور اس کی سمت کا تعین کرے گا، نوجوان لیپ ٹاپ دینے والوں کا ساتھ دیں گے اور بندوق ، پٹرول بم اور تشدد پر اکسانے والی منفی قوتوں کو مسترد کریں گے۔مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں کو 9 مئی جیسے یوم سیاہ کے منصوبہ سازوں کی سازشوں کا ایندھن نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخواکو مسلم لیگ (ن) کا قلعہ بنائیں گے اور اس صوبے کی دس سالہ محرومیوں کا خاتمہ کریں گے۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments