شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ سے میٹرک کا طالبعلم جاں بحق

لیاری کے علاقے میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ سے میٹرک کا طالب علم جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی لاش سول ہسپتال لائی گئی جہاں سے موت کی تصدیق کے بعد مشتعل ورثا چاکیواڑہ تھانے کی پولیس آنے سے قبل ہی لاش اپنے ساتھ واپس لے گئے۔ واقعہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب بانکڑا چوک کے قریب پیش آیا۔ سینے پر گولی لگنے سے جاں بحق لڑکے کی شناخت 16 سالہ زاہد ولد اسحاق بلوچ کے نام سے کی گئی ۔ مقتول کے ساتھ آنے والے اس کے ماموں انیس بلوچ اور دیگر افراد انتہائی مشتعل تھے جو موت کی تصدیق کے بعد چاکیواڑہ تھانے کے ڈیوٹی آفیسر کے سول ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی لاش اپنے ساتھ واپس لے گئے ۔پولیس ڈیوٹی افسر جب سول ہسپتال پہنچا تو لاش ورثا لے جا چکے تھے ۔ لاش پولیس کارروائی کے بغیر جانے کی اطلاع پر ایس ایچ او مقتول کے گھر پہنچ گئے جہاں انہوں نے ورثا سے لاش قانونی کارروائی کے لیے واپس سول ہسپتال لے جانے کو کہا تو وہ نہیں مانے جس پر پولیس نے ضابطہ 174 کی کارروائی مقتول کے گھر پر ہی کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں