ایرانی جنرل امیر علی نے کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے سابق امریکی صدر ٹرمپ اور سابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو قتل کرنے کے عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق ایرانی گارڈز کے ایروسپیس یونٹ کے کمانڈر جنرل امیر علی حاجی زادہ نے ٹی وی پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہم ڈونلڈ ٹرمپ، مائیک پومپیو، سابق امریکی جنرل میک کنزی کے علاوہ ان امریکی کمانڈروں کو نشانہ بنا سکتے ہیں جنہوں نے ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کو قتل کرنے کے احکامات پر عمل درآمد کروایا تھا۔
سابق امریکی صدر ٹرمپ نے اپنی حکومت کے دوران ایران کے انتہائی بااثر کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا حکم دیا تھا، امریکہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی پر الزام لگاتا آیا تھا کہ عراق میں امریکی تنصیبات پر حملے ان کے احکامات پر کئے جاتے ہیں۔
ایران نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے جواب میں عراق میں واقع امریکی اڈوں کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا، ان حملوں میں امریکہ نے کوئی ہلاکت ظاہر نہیں کی تھی تاہم یہ کہا تھا کہ ایرانی حملوں کے سبب امریکی فوجیوں کے ذہنوں پر منفی اثرات آئے ہیں اور ان اہلکاروں کو مکمل علاج کیلئے عراق سےامریکہ منتقل کر دیا گیا تھا۔