میسی سے آٹوگراف لینے پر سٹیڈیم میں صفائی کرنے والا ملازم نوکری سے فارغ

دنیائے فٹبال کے سپرسٹار لیونل میسی سے آٹوگراف لینے پر سٹیڈیم میں صفائی کرنے والے ملازم کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔کھیلوں کی ویب سائٹ ’سپورٹس بائبل‘ کے مطابق سٹیڈیم میں صفائی کرنے والے ملازم کا کہنا ہے کہ انہیں لیونل میسی سے آٹوگراف لینے کی پاداش میں نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے۔لیونل میسی امریکہ کی فٹبال لیگ ایم ایل ایس کی ٹیم انٹر میامی کی نمائندگی کررہے ہیں جس کے بعد امریکہ بھر میں ’میسی مینیا‘ کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔امریکی شہری لیونل میسی کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بیتاب ہیں اور گزشتہ ہفتے جب وہ امریکی شہر میامی میں معروف سپورٹس برینڈ ’ایڈیڈاز‘ کے سٹور میں تھے تو انہیں سینکڑوں مداحوں نے اپنے حصار میں لے لیا اور اپنے پسندیدہ سٹار کے ساتھ سب نے خوب سیلفیاں اور ویڈیوز بنوائیں۔صرف یہی نہیں، بلکہ امریکہ کے فٹبال سٹیڈیمز میں کام کرنے والے ملازمین بھی لیونل میسی سے ملنے کی کوشش کر رہے ہیں۔اسی سلسلے میں کولمبیا سے تعلق رکھنے والے ایک ملازم کرسچن سالامانکا جنہیں صفائی کرنے والی ایک کمپنی نے نوکری پر رکھا تھا، وہ انٹر میامی اور اورلانڈو کے میچ کے دوران اپنی پہلی ہی شفٹ کے بعد ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔میچ کے دوران اپنی شفٹ پر آئے سالامانکا نے نیا یونیفارم پہنا ہوا تھا تاہم اُس کے نیچے انہوں نے ارجنٹینا کی شرٹ بھی پہن رکھی تھی۔ جب ٹیمیں سٹیڈیم پہنچیں تو انہیں ارجنٹینا کے لیجنڈ سے ملنے کا موقع مل گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں