بلوچستان کے علاقے بارکھان میں ہونے والے دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہو گئے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق دھماکہ بارکھان کے علاقے رکھنی بازار میں ہوا جہاں لوگوں کی کافی تعداد موجود تھی، دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کر دی اور شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے۔بتایا گیا ہے کہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ آواز دور دور تک سنی گئی۔
بارکھان کے پولیس حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کر رکھا تھا اور موٹرسائیکل حجام کی دکان کے باہر کھڑی کی، سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا، زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
وزیراعلی بلوچستان نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، انسانیت دشمنوں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ انہوں نے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔