سنگاپور میں بحری جہاز سے سمندر میں گر کر خاتون ہلاک ہو گئی۔ انڈیپنڈنٹ کے مطابق اس 64سالہ ریتھا ساہانی نامی خاتون کا تعلق بھارت سے تھا۔ وہ اپنے شوہر کے ہمراہ رائل کیریبین کروز کے ’سپیکٹرم آف دی سیز‘ پر سوار تھی۔وہ چار روزہ ٹرپ پر نکلے تھے۔ 31جولائی کی رات وہ سوئے اور رات گئے جب ریتھا کے شوہر جاکیش ساہانی کی آنکھ کھلی تو اس نے اپنی بیوی کو غائب پایا۔ اس نے جہاز میں بیوی کو ڈھونڈا مگر وہ کہیں نہ ملی۔ جہاز کے عملے نے بتایا ہے کہ جہاز کے آن بورڈ ڈی ٹیکشن سسٹمز سے کسی شخص کے سمندر میں گرنے کا الرٹ ملا تھا۔ چنانچہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ ریتھا ساہانی ہی تھی جس کے گرنے پر سسٹمز نے الرٹ جاری کیا تھا۔ خاتون کے بیٹے اپورو ساہانی کا کہنا ہے کہ ”بحری جہاز کے عملے کا دعویٰ ہے کہ خاتون نے خود جہاز سے سمندر میں چھلانگ لگائی تھی تاہم وہ اس کی ویڈیو فوٹیج مہیا نہیں کر سکے۔ “اپورو ساہانی کاکہنا ہے کہ ”ہم نے عملے سے سی سی ٹی وی فوٹیج مانگی ہے لیکن اب تک انہوں نے ہمیں نہیں دی۔ ہمیں انہوں نے صرف اتنا بتایا ہے کہ ریتھا ساہانی گری نہیں تھی بلکہ اس نے خود چھلانگ لگائی تھی۔ تاہم ہم سمجھتے ہیں کہ وہ خود کو اس واقعے سے بری الذمہ کرنے کے لیے یہ جھوٹ بول رہے ہیں۔ اگر ان کا دعویٰ درست ہے تو وہ سی سی ٹی وی فوٹیج دیں کیونکہ جہاز میں ہر طرف سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوئے تھے۔“
