تھائی لینڈ کے شہری کو ایک لاکھ 41ہزار سال قید کی سزا ، جرم کیا تھا؟

دنیا میں کسی مجرم کو اب تک زیادہ سے زیادہ کتنی قید کی سزا ہوئی ہو گی؟ آپ کو یہ سن کر سخت حیرت ہو گی کہ چند دہائیاں قبل تیل کے کاروبار میں سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر مختلف ممالک کے لوگوں سے کروڑوں ڈالر کی رقم لوٹنے والی تھائی لینڈ کی شہری خاتون کو 1لاکھ 41ہزار708سال قید کی سزا سنا دی گئی تھی۔ نیوز 18ڈاٹ کام کے مطابق اس خاتون کا نام شیموئے تھیپیاسو ہے، جس نے ایک ’چٹ فنڈ سکیم‘ کے ذریعے لوگوں کو لوٹا۔ اس نے اپنے فنڈ کا نام ’Mae Chamoy Fund‘ رکھا۔ یہ فنڈ بظاہر ایک ایسی کمپنی تھا جو تیل کے شیئرز میں سرمایہ کاری کے عوض بھاری منافع دیتی تھی۔ مختلف ممالک کے 16ہزار سے زائد لوگوں نے اس فرضی کمپنی میں سرمایہ کاری کر ڈالی اور خاتون رقم ہڑپ کر گئی۔ مبینہ طور پر خاتون نے ان لوگوں سے مجموعی طور پر 20کروڑ سے 30کروڑ ڈالر کی رقم ہتھیائی۔رپورٹ کے مطابق شیموئے تھائی لینڈ کی حکومتی آئل کمپنی میں ملازمت کرتی تھی جب اس نے یہ فراڈ کیا۔ اس نے رائل تھائی ایئرفورس میں اپنے اچھے تعلقات کو بروئے کار لاتے ہوئے بظاہر ایک قانونی کمپنی بنائی تھی ۔ حتیٰ کہ اس نے تھائی لینڈ کے شاہی خاندان کے افراد اور اعلیٰ فوجی افسران کو بھی اس کمپنی میں سرمایہ کاری پر قائل کر لیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق شیموئے کو یہ حیران کن سزا 1980ءکی دہائی میں سنائی گئی تھی تاہم وہ صرف 8سال ہی جیل میں رہی اور پھر رہا ہو گئی کیونکہ اس وقت تھائی لینڈ کے قانون فراڈ کے مجرم کی زیادہ سے زیادہ سزا 20سال تھی۔چنانچہ شیموئے ایک دہائی سے بھی کم عرصہ جیل میں رہی او ر آزاد ہو گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں