حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط مان لی ہے جس کے تحت شرح سود (پالیسی ریٹ) میں 2 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت خزانہ ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین تکنیکی سطح پر ہونے والی بات چیت میں پاکستان نے پالیسی ریٹ بڑھانے پر اتفاق کیا، حکومت پہلے ہی آئی ایم ایف کے پیشگی اقدامات پورے کر چکی ہے، پاور سیکٹر کے معاملات حل ہونے پر سٹاف سطح پر معاہدہ طے پا جائے گا۔
پاکستانی حکام نے عالمی مالیاتی ادارے کے نمائندوں کو رواں جون تک غیر ملکی زرمبادلہ حاصل کرنے کے ذرائع پر تفصیلی بریفنگ دی ہے، سٹاف سطح مذاکرات طے پانے پر آئی ایم ایف جائزہ مشن اگلی قسط کی منظوری کیلئے آئی ایم ایف بورڈ کو سفارشات بھجوائے گا۔