نیتن ڈیسائی کی موت ، 5 افراد کیخلاف مقدمہ درج ، عامر خان کا ردعمل بھی آگیا

بالی وڈ کی سپر ہٹ فلم ‘لگان’ سمیت متعدد فلموں کے آرٹ ڈائریکٹر نیتن ڈیسائی کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔آخری رسومات ان کے سٹوڈیو میں ادا کی گئیں جس میں بالی وڈ اداکار عامر خان، اداکار منوج جوشی سمیت ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی نے بھی شرکت کی جبکہ مراٹھی فلموں کی کئی مشہور شخصیات اور سیاست دان بھی آخری رسومات میں شرکت کیلئے سٹوڈیو پہنچے۔اس موقع پر اداکار عامر خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انہیں نیتن ڈیسائی کی موت پر دکھ ہو رہا ہے اور یقین نہیں آرہا۔عامر خان نے مزید کہا کہ کاش وہ ایسا نہیں کرتے اور کسی کو مدد کیلئے کہتے۔دوسری جانب آرٹ ڈائریکٹر نیتن ڈیسائی کی اہلیہ نے قرض دینے والی کمپنی کے پانچ ملازمین پر شوہر کو خودکشی پرمجبور کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کروا دی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق نیتن ڈیسائی کی اہلیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ قرض کمپنی کے ملازمین نے ان کے شوہر کو قرض کی واپسی کے لیے ہراساں کیا جس کی وجہ سے انہوں نے خودکشی کی۔واضح رہے نیتن ڈیسائی نے بدھ کے روز اپنے سٹوڈیو میں خودکشی کی تھی، وہ بالی وڈ کی مشہور فلم جودھا اکبر، دیو داس،لگان سمیت دیگر فلموں کے آرٹ ڈائریکٹر تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں