بالی وڈ کے چھوٹے خان سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان نے کہا ہے کہ انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ لوگ ان کے مذہب یا لباس سے متعلق ان پر کیا تنقید کرتے ہیں۔سارہ علی خان نے حال ہی میں فیشن میگزین ’ووگ انڈیا‘ کو انٹرویو دیا اور انہوں نے میگزین کے لیے بولڈ فوٹو شوٹ بھی کروایا۔اداکارہ نے انٹرویو میں جھانوی کپور، اننتا پانڈے اور رادھیکا مدان کو اپنی بہترین سہیلیاں قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کی سہیلیاں انڈسٹری میں اچھا کام کر رہی ہیں اور وہ اپنی جسامت سمیت رنگت سے بھی مکمل طور پر مطمئن ہیں۔اداکارہ نے انٹرویو کے دوران اپنی آنے والی چند فلموں کے بارے میں بھی بات کی اور بتایا کہ کم از کم رواں برس کے اختتام تک ان کی مزید تین فلمیں سامنے آئیں گی۔انہوں نے اپنے کیریئر کے آغاز میں ہی کرونا کے آنے کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اتنا عرصہ فلموں میں کام نہیں کیا تھا جتنا عرصہ انہوں نے کرونا میں گزارا۔سارہ علی خان کے مطابق کرونا کی وبا نے تین سال ضائع کئے جبکہ انہوں نے فلموں میں کرونا سے قبل صرف ڈیڑھ سال کام کیا تھا۔اداکارہ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کے پاس بڑے اور معروف ڈیزائنر کا ایک بھی جوڑا نہیں ہے اور نہ ہی وہ ڈیزائنر کے کپڑوں کی شوقین ہیں۔سارہ علی خان نے اپنی خود اعتمادی پر بات کرتے ہوئے اس کا کریڈٹ خاندان اور پرورش کو دیا اور کہا کہ ان کی پرورش ہی ایسے ماحول میں ہوئی کہ انہیں دوسرے افراد کی تنقید کی کوئی پرواہ نہیں ہوتی۔اداکارہ نے کہا کہ اگر کوئی مداح ان کی اداکاری یا دوسرے شوبز کام پر کوئی تنقید کرتا ہے تو وہ اس تنقید کو سنتی بھی ہیں اور انہیں ایسی تنقید کی پرواہ بھی ہوتی ہے۔ان کے مطابق چوں کہ وہ اداکارہ ہیں اور وہ لوگوں کے لیے ہی اداکاری کرتی ہیں، اس لیے اگر انہیں ان کا کام پسند نہیں آئے گا تو وہ ضرور ان پر تنقید کریں گے اور وہ اس تنقید کو اصلاح کے طور پر لیتی ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ لیکن انہیں ایسی کوئی غیر ضروری تنقید کی کوئی پرواہ نہیں ہوتی جو ان کے کام سے متعلق نہ ہو۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments