قومی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت کا معاملہ : حکومتی کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا

بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ 2023 کیلئے قومی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے فیصلہ کرنے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو ( کل) ہوگا۔اجلاس کی صدارت کمیٹی کے سربراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کریں گے اور اس اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف بھی شریک ہوں گے جبکہ دیگر ارکان میں وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ، اعظم تارڑ، احسان مزاری، مریم اورنگزیب، اسعد محمود، امین الحق، قمر زمان کائرہ، طارق فاطمی شامل ہیں جبکہ حساس اداروں کے اعلیٰ عہدیدار بھی شریک ہوں گے۔کمیٹی بھارت میں ہونے والے میگا ایونٹ کے ٹورنامنٹ میں پاکستان کی شمولیت پر غور کرے گی اور خاص طور پر احمد آباد کو پاکستان بمقابلہ بھارت کے متوقع مقابلے کے مقام کے طور پر جائزہ لے گی۔بعدازاں کمیٹی اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی جو میگا ایونٹ میں ملک کی شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کے میچز میں ردوبدل کیا ہے جبکہ شیڈول میں تبدیلی کی بھارتی درخواست پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رضامندی ظاہر کردی ہے۔ذرائع کے مطابق بھارت کا میچ جو 15 اکتوبر کو شیڈول کیا گیا تھا وہ اب 14 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان میچ 6 اکتوبر کو ہی حیدر آباد میں کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں