پاکستان کیلئے اعزاز ، اورنج لائن ٹرین نے بڑا سنگ میل عبور کرلیا

اورنج لائن ٹرین نے 100 ملین رائڈذ کا سنگ میل عبور کرلیا، ٹرین کے سٹیشنز کو شمسی توانائی پر تبدیل کرنے کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر چینی قونصلیٹ لاہور کے زیر اہتمام سی پیک منصوبوں پر میڈیا بریفننگ دی گئی اور لاہور کے صحافیوں کو اورنج لائن ٹرین کا دورہ کروایا گیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او ) اورنج لائن مسٹر لی چن نے بتایا کہ پاکستان کے عوام باصلاحیت ہیں، ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، پاکستانی انجینئرز نے اورنج لائن منصوبے کو کامیابی سے چلا کر اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے۔مسٹر لی چن کا مزید کہنا تھا کہ چین پاکستان کی ترقی کے ہر منصوبے میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔اس موقع پر ڈپٹی جنرل مینجر ( جی ایم ) اورنج لائن عمر چشتی نے بتایا کہ اورنج لائن ٹرین لاہور کے شہریوں کو سستی اور آرام دہ سفری سہولیات دے رہی ہے، اورنج لائن میں شہریوں کو 7.30 روپے فی کلومیٹر سبسڈی دی جارہی ہے، تین سال میں اورنج لائن میں کوئی فنی خرابی ہوئی نہ ہی کوئی حادثہ پیش آیا۔عمر چشتی کا کہنا تھا کہ اورنج لائن ٹرین کا منصوبہ سی پیک کے تحت تعمیر کیا گیا ، چین نے دیگر عالمی کمپنیوں کی نسبت ایک تہائی بجٹ میں یہ منصوبہ مکمل کیا، اورنج ٹرین کے جاری اخراجات میں کمی کیلئے مقامی سطح پر سپیئر پارٹس کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اورنج لائن کی کامیابی کے بعد بلیو لائن اور پرپل لائن منصوبوں پر بھی کام جاری ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں