امریکہ میں 38 سالہ خاتون کے قتل کی کوریج کرنے والے صحافی کو بھی اسی قاتل نے قتل کردیا، ملزم نے ایک نو سالہ بچی کو بھی جان سے مار ڈالا۔
بی بی سی کے مطابق ایک ٹیلی ویژن رپورٹر جس کی شناخت ڈیلن لیونز کے نام سے ہوئی ہے، ریاست فلوریڈا میں قتل کی جائے وقوعہ سے رپورٹنگ کرتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔ ایک دوسرے رپورٹر جیسی والڈن کو بھی اسی بندوق بردار نے زخمی کیا، جس پر دوسرے قتل کا شبہ ہے۔
صحافی ایک 38 سالہ خاتون کے قتل کی کوریج کر رہے تھے کہ 19 سالہ مشتبہ قاتل جس کی شناخت کیتھ میلون موسیس کے نام سے ہوئی، جائے وقوعہ پر واپس آیا اور ٹی وی نیوز ٹیم پر حملہ کر دیا۔ حملہ آور اس کے بعد قریبی گھر میں بھی گیا جہاں اس نے نو سالہ بچی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا اور اس کی ماں کو شدید زخمی کر دیا۔
گلکرسٹ کاؤنٹی کے شیرف بوبی شلٹز نے فیس بک پر کہا ‘مجھے ڈیلن کو اس وقت جاننے کا اعزاز حاصل ہوا جب وہ فلوریڈا کے Gainesville میں رپورٹر تھے، وہ ہمیشہ پیشہ ور، مہربان اور ثابت قدم رہتے تھے ، اس نے حقائق لوگوں تک پہنچائے اور اپنا کام ایسے کیا جس طرح سے ہونا چاہیے تھا۔ میرے 11 سال کے بطور شیرف کریئر میں ڈیلن یقینی طور پر ان سب سے بہترین رپورٹرز میں سے ایک تھا جن کے ساتھ میں نے کام کیا ہے۔’
بی بی سی کے مطابق پولیس نے مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 19 سالہ نوجوان ملزم کو جب گرفتار کیا گیا تھا تو وہ مسلح تھا اور اس نے گرفتاری کے خلاف مزاحمت کی۔