سابق صوبائی وزیرخلیل طاہر سندھوکا اقلیتوں کیلئے ترقیاتی اسکیموں کی منظوری کیلئے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو خط

سابق صوبائی وزیر صحت، انسانی حقوق واقلیتی امور خلیل طاہر سندھ نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو پنجاب میں اقلیتوں کیلئے ترقیاتی اسکیموں کی منظوری کیلئے خط لکھ دیا۔خط میں ان کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی اہم اورحساس نوعیت کے معاملے پر توجہ دلانا چاہتے ہیں، انہوں نےلکھا کہ آپ کی مثالی قیادت میں پنجاب حکومت نے ترقیاتی سکیموں کی منظوری میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ تاہم انہیں اس حقیقت پر گہری تشویش ہے کہ گرجا گھروں کی تزئین و آرائش، قبرستانوں کی چاردیواری اور اقلیتوں کےدیگر ترقیاتی کاموں سے متعلق ترقیاتی اسکیموں کو شامل نہیں کیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 20سے 35ہزار اقلیتی ووٹرزمسلم امیدواروں کیلئے مشترکہ انتخابی نظام میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہیں۔ یہ ووٹ مسلم نمائندوں کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کے باوجود یہ بات افسوسناک ہے کہ ان اقلیتی برادریوں کی نمائندگی کرنے والے خصوصی نشستوں کے ارکان کے لیے کوئی ترقیاتی اسکیم مختص نہیں کی گئی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں