بھارتی فوج کے سابق سربراہ نے منی پور میں جاری فسادات کا ذمہ دار چین کو قرار دے دیا

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) ایم ایم نروان نے چین کو بھارتی ریاست منی پور میں جاری فسادات کا ذمہ دار قرار دے دیا۔ ڈیلی ڈان کے مطابق ایم ایم نروان نے کہا ہے کہ منی پور فسادات میں غیرملکی مداخلت کا امکان مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ یہ عنصر یقینی طور پر موجود ہے اور مختلف باغی گروہوں کو مبینہ طور پر چین کی طرف سے کئی سالوں سے امداد دی جا رہی ہے۔صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے جنرل (ر) نروان نے کہا کہ ”میں نے شروع میں ہی کہا تھا کہ داخلی سلامتی بہت اہم ہے۔ نہ صرف ہمارے پڑوسی ملک میں بلکہ اگر ہماری سرحدی ریاست میں بھی عدم استحکام ہے تو یہ عدم استحکام بھارت کی قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہے۔ “انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ حکومت میں موجود لوگ اس حوالے سے اپنی ذمہ داری نبھانے کی کوشش کر رہے ہوں گے۔ ہمیں ان کے بارے میں کوئی اور اندازہ لگانے کی کوشش سے گریز کرنا چاہیے۔ ان فسادات میں غیرملکی ایجنسیوں کے ملوث ہونے کی بات کریں تو میں محض یہ نہیں کہوں گا کہ اس امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا بلکہ میں کہوں گا کہ غیرملکی ایجنسیاں یقینی طور پر ان میں ملوث ہیں۔ خاص طور پر چین کی طرف سے منی پور کے باغی گروہوں کو کئی سالوں سے امداد مل رہی ہے اور وہ امداد کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں