بھارت کے ایک وزیر نے بھارتی لڑکی انجو اور پاکستانی لڑکے نصراللہ کی محبت کی کہانی کو بین الاقوامی سازش قرار دے دیا۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق بھارت سے خیبرپختونخوا آ کر وہاں کے نوجوان نصراللہ کے ساتھ شادی کرنے والی انجو کا تعلق ریاست مدھیاپردیش کے شہر گوالیار سے ہے۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مدھیاپردیش ہی کے وزیر داخلہ نیروتم مشرا نے کہا ہے کہ جس طرح انجو کا پاکستان میں بھرپور استقبال کیا گیا اور شادی پر قیمتی تحائف دیئے گئے ، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انجو کا پاکستان میں جا کر شادی کرنا ایک عالمی سازش ہے۔ نروتم مشرا کہتے ہیں کہ ایک پاکستانی کاروباری شخص نے انجو کو اسلام قبول کرنے پر زمین اور بھاری رقم تحفے میں دی ۔ اس طرح کے تحائف سے شکوک پیدا ہوتے ہیں ۔ چنانچہ اس حوالے سے بھی انجو کے معاملے کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
