ملتان میں تحریک انصاف کے رہنما اور کارکنان کی بڑی تعداد گرفتاری دینے پہنچ گئی، پولیس اور قیدی وین نہ پہنچی۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق ملتان کے نواں شہر چوک میں پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر اور ابراہیم خان سمیت دیگر موجود ہیں، کارکنان کی بڑی تعداد بھی گرفتاری کیلئے پہنچ گئی مگر گرفتاریوں کیلئے پولیس اور قیدی وین نظر نہیں آئی۔کارکنان نے گرفتاریوں کیلئے ہتھکڑیاں پکڑ رکھی ہیں اور نعرے بازی کرتے ہوئے پولیس سے گرفتاریوں کا مطالبہ کر رہے ہیں تاہم پولیس موقع سے غائب رہی۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک آج چوتھے روز میں داخل ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز راولپنڈی سے گرفتاریاں دی گئی تھیں جبکہ ایک روز قبل پشاور سے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے گرفتاریوں کی پیشکش کی گئی تھی۔