کمسن ملازمہ پر تشدد کا واقعہ ، مریم اورنگزیب نے عدلیہ کے حوالے سے بڑا بیان داغ دیا

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ بچی کو انصاف دینا عدلیہ کی ساکھ کے لیے بہت بڑا امتحان ہے۔مریم اورنگزیب نے 14 سال کی گھریلو ملازمہ رضوانہ پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رضوانہ کو انصاف دینے کے بجائے ملزمان کو ضمانتیں ملنا افسوسناک ہے۔وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ حکومت ہر ممکن کردار ادا کرے گی تاکہ جرم کرنے والے سزا پائیں، وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو رضوانہ کو انصاف دلانے کے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا کہ اس کمسن گھریلو ملازمہ پر تشدد کے واقعے نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے، عدالت نے ملزمہ کو حفاظتی ضمانت دے دی جو ممکنہ طور پر انصاف کے عمل میں تاخیر اور رکاوٹ بن سکتی ہے، واقعے کے ذمہ دار تمام لوگوں کو اپنے اعمال کا جواب دینا ہوگا۔واضح رہے کہ رضوانہ پر تشدد کا معاملہ 24 جولائی کو سامنے آیا تھا، بچی کی ماں نے جج کی اہلیہ پر تشدد کا الزام لگایا، بچی کو جج کی اہلیہ سے لینے کے بعد جب والدین ہسپتال لے کر گئے تو بچی کے سر کے زخم میں کیڑے پڑے ہوئے تھے، دونوں بازو ٹوٹے ہوئے تھے، گردے اور پھیپڑے متاثر تھے، بات نہیں کرسکتی تھی اور خوف کی حالت میں تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں