کارکنوں کے چٹان کی طرح ساتھ دینے پر ہی پارٹی آج انتہائی مضبوط ہے: مریم نواز

اسلام آباد( آن لائن)مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ میں پارٹی کے ہر کارکن کو سلام پیش کرتی ہوں کہ انہوں نے ن لیگ پر ہمیشہ اعتماد کیا اور اس کا ساتھ دیا، منتخب ہونے والے تمام افراد کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ کا رکنوں کے چٹان کی طرح ساتھ دینے پرہی پارٹی آج انتہائی مضبوط ہے، جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف پارٹی کے ہر کارکن کے دل میں بستے ہیں، دل کی گہرائیوں سے میں شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے ہمیشہ ہی نوازشریف کو اپنا صدر مانا ہے، ملک کی ڈوبتی کشتی کو شہباز شریف نے ہی سہارا دیا، جب حکومت سنبھالی تو پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا۔مریم نواز نے کہا کہ  شہباز شریف نے کبھی کوئی فیصلہ نواز شریف کے مشورے کے بغیر نہیں کیا، مسلم لیگ (ن)قائد اعظم کی حقیقی وارث جماعت ہے، نواز شریف جدید پاکستان کے معمار ہیں، ترقی کا کوئی بھی منصوبہ اٹھاکر دیکھ لیں اس پر ن لیگ کا نام ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے نو سال نکال دیں تو ملک میں صرف کھنڈرات ہی بچتے ہیں، نواز شریف نے انتھک محنت سے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، نواز شریف نے کبھی قوم کو توڑ پھوڑ یا جلاﺅ گھیراﺅ کا درس نہیں دیا، ن لیگ نے کبھی روتے ہوئے اپنی مشکلات کا تذکرہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2022میں ہمیں لٹا پھٹا پاکستان ملا جسے شہباز شریف اور اسحاق ڈار نے محنت کرکے بچایا،مشکلات کے باوجود نوازشریف نے کبھی صبر و دامن کا ساتھ نہیں چھوڑا بلکہ انہوں نے ہمیشہ اپنے کارکنوں کو بدتمیزی کا جواب بھی شائستگی سے دینے کا درس دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کبھی کسی نے نہیں سنا ہوگا کہ نواز شریف نے کسی غیر ملکی کو کہا ہو کہ میرے حق میں بات کرو۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے واپس جاچکے ہیں، جبکہ ن لیگ میں رہنما کیا کسی کارکن نے پارٹی کو نہیں چھوڑا۔ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف اس ملک کا بیٹا ہے اس نے کبھی ملک اور اس کے عوام کو دھوکہ دینے کا نہیں سوچا، میرے والد نے میرا ہاتھ پکڑ کر جیل میں قدم رکھا مگر اپنے کارکنوں پر آنچ نہیں آنے دی اور دوسری جانب کچھ لوگ مشکلات آنے پر رونے دھونے لگ گئے، میری گرفتار ی پر نوازشریف نے نیب والوں کو کہا کہ یاد رکھنا وقت کبھی ایک جیسا نہیں رہتا۔ مریم نواز کا مزید کہناتھا کہ الیکشن اب زیادہ دور نہیں ہیں، امید ہے الیکشن کا مرحلہ اسی سال آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں