لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر بلال شیخ محی الدین کو عہدے سے ہٹا دیا۔
ڈیلی ڈان کے مطابق پروفیسر بلال شیخ محی الدین کے خلاف شکایات تھیں کہ انہوں نے صحت کارڈ پروگرام کے تحت آنے والے مریضوں کو پبلک سیکٹر انسٹیٹیوٹ سے پرائیویٹ ہسپتالوں میں منتقل کیا اور ہارٹ اٹیک کے مریضوں کا پرائمری انجیوپلاسٹی کے ذریعے علاج کرنے کی بجائے انہیں انجکشن سے دی جانے والی ادویات دیں۔
معاملے سے آگاہ ایک عہدیدار نے بتایا کہ انسٹیٹیوٹ کو متعدد بار وارننگ دی گئی تھی اس کے باوجود مذکورہ دونوں شکایات کا نوٹس نہیں لیا گیا۔ بارہا متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں موجود ’مافیا‘ صحت کارڈ کے مریضوں کو نجی ہسپتالوں میں منتقل کر رہا ہے جہاں سے انہیں صحت کارڈ سے حاصل ہونے والی رقم سے حصہ ملتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت کی طرف سے اس معاملے میں انکوائری کا دائرہ صوبے کے دیگر سرکاری ہسپتالوں تک وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ حکومت کے پاس معلومات آئی ہیں کہ سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتال صوبہ بھر میں گٹھ جوڑ سے صحت کارڈ کے ذریعے قومی خزانے کو چونا لگاتے رہے ہیں۔