مکہ مکرمہ(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے ضلع اوکاڑہ سے حج بیت اللہ کے لیے پیدل نکلنے والا نوجوان 5ہزار 400کلومیٹر سفر طے کرکے مکہ مکرمہ پہنچ گیا۔
نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق عثمان ارشد نامی اس نوجوان نے 6ماہ 13دن کی مدت میںیہ سفر طے کیا۔عثمان ارشد ایران، متحدہ عرب امارات اور بحرین کے راستے سعودی عرب پہنچا۔ نوجوان نے پاﺅں چھالوں سے بھر جانے کے باوجود حجاز مقدس کا سفر جاری رکھا۔ پاکستان حج مشن نے عثمان ارشد کو حج ویزا دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان حج مشن کے ڈائریکٹر جنرل عبدالوہاب سومرو کا کہنا تھا کہ عثمان ارشد ملک کے دیگر نوجوانوں کے لیے ایک منفرد مثال ہے۔
رپورٹ کے مطابق عثمان ارشد کو عازمین حج کے لیے بنائی گئی سرکاری رہائش گاہ میں ٹھہرایا گیا ہے جہاں انہیں ہر قسم کی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔