کراچی(آن لائن)پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ عریشہ رضی خان نے اپنے نکاح کو خُفیہ رکھنے کی وجہ بتادی۔
تفصیلات کے مطابق عریشہ رضی خان نے گزشتہ دنوں نجی چینل کے ایک پروگرام میں اپنی بہن سارہ رضی خان کے ہمراہ شرکت کی۔
دوران شو میزبان نے ان سے سوال کیا کہ”آپ کے نکاح کی تصویروں کو لے کر ایک تنازع کھڑا ہوا، آخر آپ اپنے نکاح کی خبر اپنے مداحوں سے کیوں چُھپا رہی تھیں؟”میزبان کے سوال پر اداکارہ نے جواب دیا کہ “وہ وقت مناسب نہیں تھا، میں خود اپنے پرستاروں کو بتانا چاہتی تھی لیکن میری خواہش تھی کہ جب میری رخصتی ہو اس وقت میں اپنے نکاح کا اعلان کروں۔”
بطور چائلڈ آرٹسٹ شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی اداکارہ عریشہ رضی خان نے مزید کہا کہ “میں رخصتی کے وقت بالترتیب تمام تقریبات کی تفصیلات اپنے پرستاروں کے ساتھ شیئر کرنا چاہتی تھی،چونکہ مجھے معلوم تھا کہ رخصتی میں ابھی کافی وقت ہے اس لئے پہلے سے نکاح کا اعلان کرنا ٹھیک نہیں سمجھا۔”
یاد رہے کہ گزشتہ برس جولائی کے آخر میں 22 سالہ عریشہ رضی خان کے نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز ان کے فوٹوگرافر کی جانب سے اچانک منظر عام پر آنے کے بعد وائرل ہوگئی تھی۔