مرغیوں کے ہڈیوں سے قیمہ تیار ، شہر بھر کو سپلائی کرنیوالا 4 رکنی گروہ گرفتار 

پشاور(آئی این پی )محکمہ خوراک نے کارروائی کرتے ہوئے مرغیوں کے ہڈیوں سے قیمہ تیار شہر بھر کو سپلائی کرنیوالے4رکنی گروہ کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا جبکہ مضر صحت قیمہ تلف کردیا ۔

سیکرٹری محکمہ خوراک عابد خان وزیر اور ڈائریکٹر فوڈ یاسر حسن کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹر ولرز تسبیح اللہ اور کمال احمد نے ہشت نگری میں گوداموں پر چھاپے مارے جہاں پر مرغیوں کے ہڈیوں سے مشینوں کے ذریعے قیمہ نکالا جا رہا تھا جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے مشینوں اور 450 کلو ہڈیوں سے تیار قیمہ قبضے میں لے کر تلف کردیا جبکہ ملزمان کو جیل منتقل کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھی محکمہ خوراک نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم گوداموں سے 20 ہزار کلو گرام سے زائد مضر صحت قیمہ برآمد کرلیا  تھا۔ محکمہ خوراک کے افسران نے واضح کیا کہ مذکورہ گودام میں مرغیوں کے ہڈیوں سے قیمہ تیار کرنے کے بعد شادی ہالوں‘ شامی کباب‘ سموسہ رول‘ چپلی کباب اور سیخ کباب فروشوں کو سپلائی کیا جاتا ہے۔ محکمہ خوراک کے افسران نے واضح کیا کہ عنقریب غیر معیاری اشیائے خورونوش کی خرید و فروخت میں ملوث شادی ہالز مالکان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائیگی تاکہ شہریوں کو معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی ممکن ہو ۔ راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران شہریوں کو صاف ستھری اشیائے خورونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوڈ پوائنٹس مالکان مضر صحت اشیاءکی خرید و فر وخت سے گریز کریں بصورت دیگر فوڈ ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پشاور بھر میں مضر صحت اشیاء کی تیاری اور فروخت میں ملوث فوڈ پوائنٹس مالکان کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں