کراچی (آن لائن)کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں ملیر، سعود آباد، کلفٹن ،ہاکس بے،ابراہیم حیدری اور نارتھ ناظم آباد میں بارش شروع ہوچکی ہے۔ محکمہ موسمیات نے طوفان کے پیش نظر شہر میں آج 50 ملی میٹر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ بپر جوئے آج پاکستان میں داخل ہوگا، کیٹی بندر میں موسلادھار بارش، تیز ہواؤں سے کھمبے گرگئے۔ محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ سمندری طوفان بپرجوئے کے تھنڈر بادل کراچی کی طرف بڑھ رہے ہیں جس کے پیش نظر شہر کے مختلف علاقوں میں اگلے چند گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب حیدرآباد میں تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان بپر جوئے کے باعث کراچی اور حیدرآباد میں آج اور کل موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہٰ یار، میرپورخاص، حب اورلسبیلہ میں بھی 16 جون تک موسلا دھاربارش ہو سکتی ہے اور 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ ادھر میرپورخاص میں تیزگرد آلود ہوائیں چلنے سے کئی مقامات پر درخت گرگئے، بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں اور بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔علاوہ ازیں ٹھٹھہ کے ساحلی علاقوں میں بارش جاری اور شہریوں کی بڑی تعداد نقل مکانی کرنے میں مصروف ہے۔