کراچی ( آن لائن) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ سمندری طوفان بپر جوائے سے 30 فٹ اونچی سمندری لہریں اٹھ رہی ہیں،تیز جھکڑ اور منہ زور ہوائیں بھی طوفان کی شدت بڑھا رہی ہیں، کراچی سے طوفان صرف 230 کلومیٹر دورہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق پی پی رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کا لینڈ فال رات کے وقت ہو سکتا ہے۔ طوفان کی رفتار میں کمی آئی ہے اور اس کی سمت شمال مشرق کی جانب ہے۔انہوں نے کہا کہ طوفان سے ممکنہ طور پر کیٹی بندر، ٹھٹھہ، سجاول، بدین اور ملیر میں اثرات ظاہر ہوں گے۔
بتایا گیا ہے کہ کیٹی بندر سے طوفان ممکنہ طور پر آج سہ پہر ٹکرائے گا، پاک فوج کے جاری اعداد و شمار کے مطابق ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو عمل جاری ہے، 97.4 فیصد آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ کورکمانڈر کراچی کہتے ہیں بدین سجاول اور ٹھٹھہ میں 44 ریلیف کیمپوں میں 76 ہزار 925 افراد کو منتقل کیا گیا۔ انہوں نے رینجرز، پاک فوج، بحریہ اور این ڈی ایم اے کو طوفان گزرنے تک الرٹ رہنے کا حکم دیا۔