کراچی (آن لائن) پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب ہو گئے ، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق انہوں نے 173 ووٹ حاصل کئے۔
نجی ٹی وی “دنیا نیوز” کے مطابق جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم کو161 ووٹ ملے۔ میئر کراچی کیلئے پولنگ سٹیشن میں ووٹنگ مکمل ہوئی تو جماعت اسلامی کی جانب سے سخت نعرے بازی کی گئی، اس موقع پر شور شرابے کا ماحول دیکھنے میں آیا۔
آرٹس کونسل کے باہر بھی صورت حال سخت کشیدہ رہی جہاں پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنان آمنے سامنے آ گئے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے صورت حال کنٹرول کئے رکھی۔
قبل ازیں جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ 30 سے زائد منتخب اراکین کو لاپتہ کر دیا گیا، تحریک انصاف کے اغوا ءچیئرمینز کو پیش کیا جائے۔حافظ نعیم نے نے ریٹرننگ افسر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میئر کے الیکشن کیسے ہوں گے؟ پہلے تحریک انصاف کے اغواء چیئرمینز کو پیش کرو، پھر ووٹنگ ہو گی۔ 30 سے زائد اراکین کو لاپتہ کر دیا گیا، خبریں ہیں ان کو حراست میں لیا گیا ہے۔ آپ کی ذمہ داری تھی ان افراد کو یہاں لاتے۔