وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا ،جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر ، وزراءاعلیٰ ، وفاقی وزراء،ڈی جی آئی ایس آئی ، ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس سمیت اعلیٰ سول اور ملٹری حکام نے شرکت کی ۔
اجلا س کے دوران کراچی میں ہونیوالے دہشتگردی کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ، اس موقع پر وزیر اعظم کی جانب سے حملہ ناکام بنانے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا گیا ۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کراچی پولیس آفس پر ہونیوالا حملہ قابل افسوس تھا لیکن جس طرح سیکیورٹی اداروں نے حملے کو ناکام بنایا اس پر رینجرز ، پولیس اور فوج کو داد دیتا ہوں ۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے قبل وزیر اعظم سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے ملاقات کی۔ ڈی جی آئی ایس آئی نے وزیر اعظم کو دورہ افغانستان سے متعلق آگاہ کیا ۔