کراچی ( آن لائن) کراچی سے راولپنڈی جانے والی گرین لائن کا انجن گھوٹکی ریلوے سٹیشن پر پٹڑی سے اتر گیا،گرین لائن اور ساتھ گزرنے والی فرید ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ٹرین کراچی سے راولپنڈی جا رہی تھی کہ فرید ایکسپریس کو کراس کرتے ہوئے گرین لائن ایکسپریس کا انجن پٹڑی سے اترا،انجن صرف دو انچ کے فاصلے سے فرید ایکسپریس سے ٹکرانے سے بچ گیا۔گرین لائن ٹرین کو گھوٹکی اسٹیشن لوپ لائن پہ روک دیا گیا ، خوش قسمتی سے ٹرین حادثے سے محفوظ رہی۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ روہڑی سے ریلیف ٹرین روانہ کردی گئی ہے، جلد ریلوے ٹریک کو بحال کر دیا جائے گا ، ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق انجن کے پٹری سے اترنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اپ ٹریک متاثر ہونے سے ٹرینوں کی آمدورفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، خیبر میل کو پنو عاقل اسٹیشن پر روکا گیا ہے، ٹریک کی بحالی کیلئے مزید وقت لگ سکتا ہے۔