الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شیخ رشید اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 31 ارکین اسمبلی کی رکنیت بحال کردی۔ ان ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا گیا ہے ۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے 27 جنرل اور پانچ مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی کی رکنیت بحال کردی گئی ہے ۔ جن اراکین کی رکنیت بحال کی گئی ان کا تعلق راولپنڈی ، لاہور ، ملتان اور جہلم سے ہے ۔
الیکشن کمیشن نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ، تحریک انصاف کے رہنماؤں فرخ حبیب ، فواد چوہدری ، شفقت محمود ، سید فیض الحسن،ملیکہ بخاری ، کنول شوذب، عالیہ حمزہ اور عندلیب عباس سمیت دیگر کی رکنیت بحال کی ہے۔ حماد اظہر ،شاہ محمود قریشی ، صداقت عباسی ، غلام سرور ، شیخ راشد شفیق ، عامر ڈوگر ، زرتاج گل ، فخر امام ، خرم شہزاد، فیض اللہ کاموکا،شوکت علی بھٹی ، امجد علی، کرامت علی اور عامر کیانی کی رکنیت بھی بحال کردی گئی۔
ارکین اسمبلی کی رکنیت لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق بحال کی گئی ہے ، قومی اسمبلی میں واپسی کے اعلان کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی جانب سے استعفوں کی منظوری کو تحریک انصاف کے اراکین نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔