امریکہ کی مشرقی ساحلی ریاستوں میں غروب آفتاب کے وقت سورج کا رنگ سرخ ہو گیا، وجہ جانیے

نیویارک (طاہرمحمود چوہدری سے)نیویارک سمیت امریکہ کی مشرقی ساحلی ریاستوں میں غروب آفتاب کے وقت سورج کا رنگ سرخ ہو گیا۔ زیر نظر تصویر جو نیویارک کے علاقے لانگ آئی لینڈ میں 7 جون کی شام کو بنائی گئی میں سورج کی رنگت سرخی مائل نظر آ رہی ہے۔ اس کی وجہ کینیڈا کے جنگلوں میں لگنے والی آگ اور اس کے نتیجے میں پھیلنے والا گہرے زرد رنگ کا دھواں بنا۔ جس کی وجہ سے کینڈا سمیت امریکہ کی بہت سی ریاستوں میں فضا ءزردی مائل نظر آ رہی ہے۔ 

بدھ کی رات سے گہرے دھوئیں کے بادلوں نے نیویارک سمیت16امریکی ریاستوں کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس سے امریکہ بھر میں 129 ملین سے زائد لوگ ائیر کوالٹی الرٹ کی زد میں ہیں۔ کینڈا کے صوبے کیوبک کے جنگلوں میں لگنے والی آگ سے امریکہ کی ریاست نیویارک سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ یہ سلسلہ مزید چند روز تک جاری رہ سکتا ہے۔

نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے ریاست کے زیادہ متاثرہ حصوں کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بیرونی سرگرمیاں معطل کر کے گھروں کے اندر رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں