خدیجہ شاہ کیس، امریکی سفارتخانے کی قونصلر رسائی کی درخواست پر کیا پیشرفت ہوئی ہے؟ دفتر خارجہ نے بیان جاری کر دیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ خدیجہ شاہ کیس میں امریکی سفارتخانے کی قونصلر رسائی کی درخواست وزارت داخلہ کو بھیج دی گئی ہے ۔

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ خدیجہ شاہ کی دہری شہریت کی وجہ سے امریکی سفارتخانے نے قونصلر رسائی کی درخواست کی جو وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی ہے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث کرداروں کے ساتھ آئین اور قانون کے مطابق سلوک کیا جا رہا ہے۔ پاکستان آئین اور قانون کے مطابق چلنے والا ملک ہے۔ پاکستان میں تمام شہریوں کو بنیادی حقوق حاصل ہیں۔پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات بےبنیاد ہیں۔

دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا کہ انسداد دہشتگردی پر پاکستان ، چین اور ایران کے سہ فریقی مذاکرات ہورہے ہیں۔ بیجنگ میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت ڈی جی کاؤنٹر ٹیرر ازم کررہے ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ  مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کا ظلم و ستم جاری ہے۔ عالمی برادری سے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں